کراچی (خصوصی رپورٹ )حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ہدایت کی ہے کہ نکاسی آب کے حوالے سے عوامی شکایات کا بروقت ازالے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی درستگی کو یقینی بنا کر برسات سے شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی بلدیاتی مسائل کے حوالے سے عوام کو درپیش شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مختلف علاقوں میں شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کی جانب سے صفائی وستھرائی خصوصاً برسات سے قبل جاری برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں سے کہاکہ وہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کو بروئے کار لاتے ہوئے برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ یقینی بنا ئیں تاکہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا کر دوران برسات عوامی کو مشکلات سے بچایا جاسکے ۔رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شہر کراچی کے بڑے نالوں میں شمار ہونے والے چکورہ نالہ ناتھا۔
خان گوٹھ پر نالے کے اندر قائم بھنیسوں کے باڑوں اور دیگر تعمیرات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نالے پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کی وجہ نکاسی آب کا نظام متاثر ہورہا ہے جس کی وجہ سے دوران برسات ناتھا خان گوٹھ سمیت ملحقہ آبادیوں کے مکین دوران برسات انتہائی مسائل سے دو چار ہوسکتے ہیں انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کراچی سے چکورہ نالے کی فوری صفائی اور نالوں سے تجاوزات کے خاتمہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نشاط ضیاء قادری نے مختلف علاقوں میں عوام سے ملاقات کے دوران علاقائی مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور عوامی شکایات سننے کے بعد بلدیاتی افسران کو علاقائی مسائل کے حوالے سے شکایات کے ازالے کی ہدایت کی۔