کراچی (اسٹاف رپورٹر) پرویز مشرف لورز فورم ملک بھر میں پرویز مشرف کی حمایت میں عوامی قوت کے مظاہرے کیلئے جلسوں ‘ ریلیوں و عوامی اجتماعات کا انعقاد کرے گا اور مشرف کے حق میں چلائی جانے والی اس تحریک کا آغاز کراچی سے کیا جائے گا جس کیلئے تمام ممبران سے تجاویز طلب کرلی گئی ہیں جن پر آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں غور کرکے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
چیئرمین پرویز مشرف لورزفورم طاہر حسین سید کی صدارت میں ہونے والے فورم کے اجلاس میں کراچی ڈویژن کے صدر ہمایوں مرزا ‘ محمد معین تابش’ مصعب افتخار ‘ رمشا رؤف و دیگر عہدیداران نے شرکت کی اورغداری کیس کے نام پر سابق صدر پاکستان و سابق سربراہ عساکر پرویز مشرف کو انتقام کا نشانہ بنانے اور افواج پاکستان پر اپنی دھاک جمانے کی حکومتی کوشش اور والدہ کی عیادت کیلئے دبئی روانگی کیلئے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کی مشرف کی درخواست پر عدالتی تاویلوں و حجتوںکے حوالے سے مجموعی قومی صورتحال اور مشرف کی ساتھ حکومتی و عدالتی برتاؤ کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر پرویز مشرف لورز فورم کے چیئرمین طاہر حسین سید نے کہا کہ پرویز مشرف لوورز فورم ‘ پاکستان کو ترقی و تہذیب یافتہ بنانے والے سابق صدر پاکستان پرویز مشرف سے محبت کرنے والے محب وطن پاکستانیوں کا غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے جس کی اکثریت نوجوانوں اور خواتین پر مشتمل ہے جو یہ سمجھتی ہے کہ مشرف ہی پاکستان کا مستقبل ہیں اسلئے مستقبل کے معماروں کو ان کی آواز میں آواز ملانی اور قدم سے قدم ملاکر چلنا ہوگا۔
تاکہ پاکستان و عوام کا تحفظ کیا جاسکے اسلئے مشرف پر ہونے والے ہر ظلم و زیادتی کیخلاف پرویز مشرف لورز فورم ہر سطح پر آواز اٹھانے کے ساتھ عوام اور نوجوانوں کی مدد سے مشرف کی رہائی ‘ مقدمہ غداری کے خاتمے اور پرویز مشرف کے دوبارہ اقتدار کیلئے منظم تحریک چلائے گی کیونکہ پرویز مشرف ہی پاکستان و عوام کے محفوظ و پر امن اورخوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔