مصر میں صدارتی انتخاب کیلئے آج دوسرے دن بھی پولنگ ہوگی

Election

Election

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر میں صدارتی انتخاب کے لیے دو روزہ ووٹنگ کے پہلے روز پیر کو ووٹ ڈالے گئے تاہم ٹرن آؤٹ کم رہا۔ آج ووٹنگ کا دوسرا اور آخری دن ہے۔ نئے مصری صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کے پہلے دن سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق ووٹنگ کی شرح پچھلے انتخابات کی نسبت کم رہی اور پولنگ اسٹیشنوں پر زیادہ رش دیکھنے میں نہیں آیا۔ ووٹنگ کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا جبکہ نتائج کا اعلان 5 جون کو ہوگا۔

صدارتی انتخاب میں دو امیدوار ، فوج کے سابق سربراہ عبدالفتاح السیسی اور حمدین صباحی میدان میں ہیں۔ عبدالفتاح السیسی کی کامیابی یقینی ہے جنہوں نے تقریباً گیارہ ماہ قبل مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کو معزول کیا تھا۔ محمد مرسی کی جیت کا باعث بننے والی اخوان المسلمون چھ ماہ پہلے ہی دہشت گرد قرار دی گئی ہے۔ اس کے 15000 سے زائد کارکن جیلوں میں ہیں اور ایک ہزار سے زائد کارکنوں کو موت کی سزا سنائی جا چکی ہے۔