ماسکو (جیوڈیسک) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس اور جاپان ابھی تک متنازعہ جزائر بارے حتمی فیصلہ نہیں کر سکے یہ فیصلہ افہام و تفہیم سے ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے مفادات مجروح نہیں ہونے چاہئیں تاکہ کسی بھی فریق کو شکوہ نہ رہے ۔ پیوٹن نے اسے ایک مشکل کام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ بھی ناممکن نہیں ہے اور روس ذمہ دارانہ مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات پر حیرت ہوئی ہے کہ جاپان بھی یوکرائن کی وجہ سے مغربی ملکوں کی جانب سے روس پر پابندیاں لگانے والوں میں شامل ہو گیا ہے اور متنازعہ جزائر بارے روس کے ساتھ کئے جانے والے مذاکرات روک دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکرائن اور جزائر کا معاملہ الگ الگ ہے ،ہم متنازعہ جزائر پر مذاکرات کر نے کیلئے تیار ہیں۔