اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بھارت جانے کا فیصلہ اچھا تھا، اسے سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔
پاکستان اور بھارت کے کروڑوں لوگ غربت اور بھوک کا شکار ہیں، دونوں ممالک کو اپنے مسائل حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے سے اچھے تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان نے 151 بھارتی ماہی گیر رہا کیے، بھارت بھی پاکستانی قیدیوں کو رہا کرے۔ قبل ازیں خورشید شاہ کی زیر صدارت پی اے سی کے ان کیمرہ اجلاس میں آڈیٹر جنرل کی جانب سے اپنی تنخواہ کے معاملے پر غور کیا گیا۔
کمیٹی کی آڈیٹر جنرل کو ذاتی طور پر پیش ہو کر وضاحت کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ کمیٹی نے آڈیٹر جنرل کو 3 جون کو طلب کر لیا۔