اسلام آباد: ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 جاں بحق، 2 زخمی

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) دو مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ واقعات کے مطابق ایکسپریس ہائی وے پر تیز رفتار کار نے روڈ کراس کرتی 50 سالہ خاتون کو کچل ڈالا جو موقع پر ہی دم توڑ گئی، پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ واقعات کے مطابق تھانہ کورال کی حدود ایکسپریس ہائی وے پر منگرال ٹائون کی رہائشی مسماۃ شاہدہ یاسمین روڈ کراس کر رہی تھی کہ کار کی ٹکر سے جاں بحق ہو گئی۔

پولیس نے کار ڈرائیور طاہر محمود کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کر لیا اور نعش پوسٹ مارٹم کے لئے پمز ہسپتال منتقل کر دی۔ ایک دوسرے حادثے میں تھانہ شہزاد ٹائون کے علاقے مارگلہ ٹائون میں دو گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے، پولیس نے نعش اور زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کر دیا۔

واقعات کے مطابق تھانہ شہزاد ٹائون کے علاقے مارگلہ ٹائون میں نمرہ مسجد کے قریب دو گاڑیوں میں ٹکر سے 22 سالہ ملک اویس، ملک ندیم اور عباس ریاض شدید زخمی ہو گئے جبکہ دوسری گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا امدادی ٹیموں نے موقعے پر پہنچ کر تینوں زخمیوں کو پمز منتقل کر دیا جہاں پر ملک اویس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ عباس ریاض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جبکہ ملک ندیم معمولی زخمی ہے پولیس نے دونوں گاڑیاں قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔