کراچی سے خیبر تک کسی بھی بجلی چور کو معاف نہیں کیا جائے گا، عابد شیر علی

Abid Sher Ali

Abid Sher Ali

کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ کراچی سے خیبر تک کسی بھی بجلی چور کو معاف نہیں کیا جائے گا اور چور، چور ہوتا ہے اور اس کی حمایت کرنے والا شخص بھی کسی چور سے کم نہیں۔

کوئٹہ میں واپڈا اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا حکم ہے کہ بجلی کی چوری کا خاتمہ کر کے مزدوروں کو خوشحال بنایا جائے جبکہ اس سلسلے میں وزیراعظم نے خضدار سے پشین تک ٹرانس میشن لائن کی تنصیب کی منظوری دی ہے جس پر آئندہ سال مئی تک کام مکمل کر لیا جائے گا۔

عابد شیر علی نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور میں نے کبھی کسی صوبے کے خلاف بات نہیں کی لیکن بجلی چوروں کے خلاف بات کرنے پر پنجاب سے خیبر تک اسمبلیوں میں میرے خلاف وزرا نے مذمتی قراردادیں منظور کیں لیکن سب کو معلوم ہونا چاہئے کہ چور، چور ہوتا ہے اور بجلی کی چوری کرنے والوں کی حمایت کرنے والے بھی چوروں سے کم نہیں۔