لاہور : دینی مدارس نوجوانوں کی کردار سازی میں بہت اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور اسلام کے مضبوط قلعے ہیں، ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ،اور اے ٹی آئی کے بانی رکن حاجی محمد حنیف طیب نے اے ٹی آئی کے عہدیداروں ریحان طاہر چوہدری اوراکرم رضوی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا دینی مدارس معاشرے سے بے راہروی اور جہالت کا خاتمہ کرکے دینی علوم کو فروغ دیکر نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے فلاح معاشرہ اور اصلاح معاشرہ کر رہے ہیں۔
نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ تحریک پاکستان سے لیکراستحکام پاکستان تک دینی مدارس کا کردار انتہائی مثبت اور شاندار ہے انہوں نے کہا اگر چند مدارس اپنے اصل مقاصد سے ہٹ کر منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں تو حکمران طبقہ کو چاہیے کہ وہ ایسے مدارس کی منفی سرگرمیوں سے چشم پوشی کی بجائے انکے خلاف قانونی کاروائی کریں ،تاکہ امن پسند اور شرپسند پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہوں حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ جس طرح حکومت سرکاری تعلیمی اداروں کے اخراجات برداشت کرتی ہے ،اسی طرح دینی مدارس کی بھی سرپرستی کرنی چاہیے تاکہ عصری علوم کے ساتھ ساتھ دینی علوم کی بھی ترویج و اشاعت ہو۔