اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں کل بارش کا امکان

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں سورج آج بھی پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے۔ سورج کے تیور دیکھ کر چھٹی کے باوجود بیشتر شہری گھروں میں دُبک گئے ہیں۔ اندرون سندھ کے شہروں نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص پر گرمی کچھ زیادہ ہی مہربان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں ملتان، رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال، اوکاڑہ اور لاہور میں بھی سورج آگ برسا رہا ہے۔

پشاور میں بھی گرمی میں اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں کے شہری بھی گرمی سے بے حال ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی یہ شدت آئندہ چوبیس گھنٹے تک رہے گی۔ جمعہ کو اسلام آباد، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژن میں چند ایک مقامات پر تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔