متحدہ کے کارکنوں کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کیخلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں سوگ

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی مومنٹ کے کارکنوں کی مسلسل ٹارگٹ کے خلاف پرآج کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے کارکنوں کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آج کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف شہروں میں پٹرول پمپس بند جب کہ ٹریفک سڑکوں سے غائب ہے۔ ایم کیو ایم کے یوم سوگ کے باعث کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ بھر کے اسکول، کالجز اور جامعات بند ہیں جب کہ آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کر دیئے گئے ہیں، ملتوی ہونے والے پرچوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

کراچی پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی آج ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ سندھ تاجر اتحاد نے بھی ایم کیو ایم کی حمایت میں آج کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں سمیت ورکرز یونین، فروٹ مارکیٹ ایسوسی ایشن اور ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن نے بھی ایم کیو ایم کے یوم سوگ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یوم سوگ کے باعث ایم کیو ایم کے دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے جا رہے ہیں جب کہ متحدہ کے کارکنوں کی جانب سے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرہ بھی کئے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم نے 4 کارکنوں کے اغوا کے بعد قتل کے خلاف آج کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا جس کے فورا بعد ہی سندھ کے مختلف شہروں میں کشیدگی پھیل گئی اور کاروباری مراکز، پیٹرول پمپس اور دکانیں بند ہو گئیں۔