مظفر گڑھ (جیوڈیسک) کوٹ ادو میں جائیداد کے تنازعے پر سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر کے بیٹے نے ‘فائرنگ کرکے 4 بہنوں کے اکلوتے بھائی کو قتل جب کہ دوسرے نوجوان کو زخمی’ کردیا۔
مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو کے موضع بیٹ انگڑا میں زمین کے تنازے پر سابق گورنر غلام مصطفی کھر کے بیٹے اور سابق ایم پی اے بلال کھر نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر گندم چھیننے کی کوشش کی تاہم منع کرنے پر بلال کھر اور ساتھیوں کی جانب سے فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں 4 بہنوں کا اکلوتا بھائی اور غریب والدین کا سہارا 16 سالہ امجد جاں بحق اور دوسرا نوجوان زخمی ہوگیا۔
مقتول امجد کے ورثا نے ٹی ایچ کیو اسپتال کوٹ ادو کے سامنے لاش رکھ کرکئی گھنٹے تک احتجاج کیا، پولیس نے مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی تو کرائی مگر مظاہرین نے ملزم کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا جب کہ اس دوران رکن قومی اسمبلی جمشید دستی بھی مظاہرین کے دھرنے میں شامل ہوگئے، انہوں نے پولیس کو خبردار کیا کہ اگر 48 گھنٹوں میں ملزم گرفتارنہ ہوئے تو شہر میں بڑا احتجاج کیا جائے گا۔