'پانچ سال کے دوران حج ادا کرنے والے رواں سال نہیں جا سکتے

Hajj

Hajj

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور سکندر اسماعیل نے کہا ہے گزشتہ پانچ سال کےدوران حج ادا کرنے والےاس سال حج پر نہیں جا سکتے۔

ڈان نیوز کے مطابق سکندر اسماعیل نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں برس ایک لاکھ چالیس ہزار 648 پاکستانی حج ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری سکیم کے لئے حجاج کو پندرہ روز میں شارٹ لسٹ کردیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران غیر مسلموں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کے خلاف قرارداد مذمت منظور کی گئی۔

سینیٹر حافظ حمد اللہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امورکے اجلاس میں اراکین نے سکھر میں دھرم شالہ کو جلانے کا واقعےکو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔قائمہ کمیٹی نے چیف سیکرٹری سندھ سے دھرم شالہ واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔