'تحریک انصاف کے کارکنوں نے ذمہ داری کا ثبوت دیا

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان تحریکِ انصاف کی ریلی کے دوران پارٹی کارکنوں اور حمایتوں کی جانب سے ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرنے پر ان کی تعریف کی۔گزشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اسلام آباد میں ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے یہ بیان اس وقت جاری ہوا جب اسلام آباد کے ڈی چوک پر اس ریلی کے شرکاء سے خود تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان خطاب کررہے تھے۔

بیان میں وزیرِ داخلہ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باوجود یہ امر اطمینان بخش ہے۔ وفاقی و صوبائی اداروں نے نظم و ضبط کے ساتھ کام کیا اور ملک کے کسی حصے سے بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔

چوہدری نثار نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود حکومت اور پی ٹی آئی، دونوں ہی جانب سے شعوری پختگی اور اعلٰی ظرفی کا مظاہرہ کیا گیا۔b انہوں نے ریلی میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ذمہ داری اور نظمِ و ضبط کا مظاہرہ کرنے پر ان کی تعریف کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جمہوریت کی خوبصورتی اور اس کی طاقت ہے کہ ایک اپوزیشن جماعت نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور ناصرف حکومت نے اسے سہولیات، بلکہ مکمل سیکیورٹی بھی فراہم کی تاکہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔