نواز مودی ملاقات میں مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرنا تشویشناک ہے، شاہ محمود قریشی

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ بھارت کے دوران بھارتی دہشتگردی اور مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرنا تشویشناک ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں وزیراعظم نواز شریف کا پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا ذکر نہ کرنا ناقابل فہم ہے، نواز شریف بھارتی ہم منصب مودی سے ملاقات میں کشمیر سمیت اہم معاملات اٹھانے میں ناکام رہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میڈیا کے سامنے بھی کشمیر سمیت دیگر اہم ایشوز کو نظر انداز کرنا انتہائی تشویشناک ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم دورہ بھارت کے دوران حریت قیادت سے باضابطہ ملاقات میں ناکام رہے۔

شاہ محمود نے سوال اٹھایا کہ کیا ن لیگ بھارت کے ساتھ تجارتی مفادات کیلئے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے کا فیصلہ کر چکی ہے، وزیراعظم نے دورہ بھارت کے دوران موافق صورتحال سے فائدہ نہیں اٹھایا۔