کراچی آپریشن کو امن پسند لوگوں کی حمایت حاصل ہے، چوہدری نثار علی

Chaudhry Nisar Ali

Chaudhry Nisar Ali

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کراچی آپریشن میں جرائم کی روک تھام کے لیے سول آرمڈ فورسز کے عزم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو تمام امن پسند لوگوں کی حمایت حاصل ہے اور ہمیں ان کی توقعات پر پورا اترنا ہو گا۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار سے ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی جس میں کراچی آپریشن سمیت سندھ کی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ڈی جی رینجرز سے ملاقات میں کراچی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور یہ آپریشن کا دائرہ کار بڑھانے کا صحیح وقت ہے۔

انہوں نے کہا شہر میں جاری آپریشن کو تمام امن پسند لوگوں کی حمایت حاصل ہے اورہمیں ان کی توقعات پر پورا اترنا ہو گا جبکہ آپریشن نے اب جو رفتار پکڑی ہے اسے ضائع یا ختم نہیں ہونے دینا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سول آرمڈ فورسز اور بالخصوص سندھ رینجرز کی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کی ستعداد بڑھانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کریں گے۔