واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی اور تحفظ کے لیے جب بھی ضرورت پڑی، مشتبہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ڈرون حملے اور براہ راست آپریشنز جاری رکھیں گے۔ نیویارک کی ویسٹ پوائنٹ ملٹری اکیڈمی میں کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما کا کہنا تھا۔
کہ اْسامہ بن لادن اب زندہ نہیں رہا، لیکن اب بھی امریکا اور دنیا کو سب سے بڑا خطرہ دہشت گردی اور خصوصاً القاعدہ کے گروہوں سے ہے جو مختلف ملکوں میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ امریکا عالمی اْمور میں صرف فوجی طاقت پر انحصار کرے بلکہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے 10 ارب ڈالرز کی مدد بھی کی جائے گی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں جہاں اسکول کی طالبات اغوا نہ ہوں،شام میں جاری کشیدگی پر انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ مل کر شام کی اپوزیشن کو مدد فراہم کریں گے جو دہشت گردوں اور صدر بشارالاسد کا بہتر متبادل ہیں۔