کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو 31 مئی تک ضروری دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے پرویز مشرف کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں سنایا جائے گا۔
عدالت نے استغاثہ اور مشرف کے وکلا کو ضروری کاغذات اور تحریری مواد 31 مئی تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ آج سماعت کے دوران ای سی ایل سے مشرف کا نام نکالنے کی مخالف کرتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہا کہ مشرف کو سنگین غداری کے مقدمے کا سامنا ہے جس کی سزا موت ہے ، انہیں باہر جانے کی اجازت دی گئی تو خدشہ ہے کہ وہ واپس نہیں آئیں گے۔ حکومت مشرف کا نام نکالنے کا رسک لینے کو تیار نہیں۔