اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان 2013 کے انتخابات ہارے ہیں لیکن وہ اپنی حرکتوں سے آئندہ عام انتخابات بھی ہاریں گے اور اس وقت بھی الزام دھاندلی کا لگائیں گے۔
اسلام آباد میں تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کو غیرضروری بولنے کی عادت ہے، وہ 2013 کے انتخابات میں ہارے اور اپنی ہی حرکتوں سے آئندہ انتخابات بھی ہاریں گے، وہ فیصل آباد اوراسلام آباد میں جلسے کرتے ہیں جب کہ خیبرپختونخوا نہیں جاتے جہاں ان کی جماعت برسراقتدار ہے، انہیں کبھی یہ بھی توفیق نہیں ہوئی کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کا شکار کسی زخمی کی عیادت ہی کرلیں، پاکستان کا دفاع کرنے والی فوج کی جنگ کو امریکا کی جنگ کہنے والے تحریک انصاف کے چیرمین بتائیں کہ طالبان کس کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی چینل کی بندش مسئلے کا حل نہیں، غلطی سب سے ہوتی ہے اور معافی مانگنے پر معاف کرنا بڑائی ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 1990 کی دہائی میں بجلی کی نجی پیداواری کمپنیوں سے معاہدے کئے تھے اس کے مطابق ہم اس بجلی کی قیمت ادا کرنے کے بھی پابند ہیں جو وہ پیدا ہی نہیں کر رہے۔
ہم ایک فریق کے حق میں کئے گئے معاہدوں کی وجہ سے جکڑے ہوئے تھے کیونکہ ان پیداواری یونٹس کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے پر وہ دنیا کی کسی بھی عدالت میں جاسکتے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان کی تجارتی ساکھ بری طرح متاثر ہوسکتی ہے، ایک ایسے وقت میں جب ہم قرضوں کے بوجھ میں جکڑے ہوئے ہیں اس قسم کے معاہدے ہمارے لئے دہری مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔
حکومت گردشی قرضے ادا نہیں کرتی تو بجلی کی کمپنیاں عدالتوں میں پہنچ جاتیں ہیں۔