سلووینسک: یوکرین کی فوج کا ہیلی کاپٹر تباہ

Eastern Ukraine

Eastern Ukraine

سلووینسک (جیوڈیسک) مشرقی یوکرین میں روس نواز باغیوں نے سلووینسک شہر میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے۔ اس ہیلی کاپٹر کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ فوجی اڈے پر اہلکاروں کو اتارنے کے بعد روانہ ہو رہا تھا۔ سلووینسک میں حالیہ ہفتوں کے دوران حکومتی فورسز اور باغیوں میں خوفناک لڑائی جاری ہے۔
نومنتخب صدر پیٹرو پوروشینکو نے کہا ہے کہ مشرقی یوکرین میں ’قاتلوں‘ اور ’ڈاکووں‘ سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر سلووینسک اور کراماتورسک کے درمیان اس وقت نیچے اترا جب وہاں شدید لڑائی جاری تھی۔
اس ماہ کے اوائل میں سلووینسک کے قریب ہی باغیوں نے دو فوجی ہیلی کاپٹرز مار گرائے تھے جن میں ایک پائلٹ سمیت دو افراد ہلاک ہوئے۔ اتوار کو مسٹر پروشینکو کے انتخاب کے بعد سے صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔

باغیوں کا کہنا ہے کہ پیر کو سلووینسک سے 130 کلو میٹر دور دونیتسک ہوائی اڈے پر قبضے کے دوران ان کے کم سے کم 100 ساتھی ہلاک ہوئے۔ چند روز سے سلووینسک سمیت کئی علاقوں میں جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سلووینسک میں روں نواز ملیشیا نے چار بین القوامی مبصرین کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
ان مبصرین کا تعلق ڈنمارک، استونیا، ترکی اور سوئزرلینڈ سے ہے اور یہ سلامتی اور تعاون کی تنظیم کے ارکان ہیں۔ انھیں پیر کو حراست میں لیا گیا تھا۔

سلووینسک کے خود ساختہ میئر نے روسی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ یہ چاروں مبصرین خیریت سے ہیں اور انھیں جلد رہا کر دیا جائے گا۔