دیہی، شہری سندھ میں 20 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ زیادتی ہے؛ شرجیل میمن

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت سندھ کے عوام کو انتخابات میں ووٹ نہ دینے کی سزا دے رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ سراسر زیادتی کے مترادف ہے۔ 18 سے 20 گھنٹوں کی بجلی بندش نے معصوم بچوں، خواتین اور عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔ 18 گھنٹوں کی بجلی لوڈشیڈنگ کرکے سندھ کے عوام کے ساتھ انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، ن کا کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل 6 ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی دعویدار مسلم لیگ (ن) نے ایک سال میں سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں سے بجلی کا ہی خاتمہ کردیا ہے۔