کراچی (جیوڈیسک) طالبان رابطہ کار کمیٹی کا مذاکراتی عمل جاری رکھنے یا نہ رکھنے کے حوالے سے طالبان شوریٰ سے رابطہ ہو گیا ہے۔
رابطے میں طالبان قیادت نے رابطہ کار کمیٹی کو پیغام دیا ہے کہ حکومتی کمیٹی مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کے لیے جس روز بھی شمالی وزیرستان آنا چاہے گی، طالبان قیادت ان سے ملاقات کے لیے تیار ہے، تاہم حکومت حتمی طور پر فیصلہ کرلے کہ مذاکراتی عمل کے حوالے سے وہ کیا پالیسی اختیار کرنا چاہتی ہے۔
طالبان قیادت نے مذاکرات کے حوالے سے اپنا مشاورتی عمل مکمل کرلیا ہے اور اس مشاورتی عمل میں اتفاق رائے پایا گیا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا ایک بامقصد عمل اور کیا جانا چاہیے، تاہم یہ مذاکراتی عمل سنجیدہ اور نتیجہ خیز ہو۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے حکومت نے مذاکراتی عمل کو ختم کرنے کی کسی پالیسی کا اب تک تعین نہیں کیا ہے، مختلف گروپس کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر کیے جانے والے حملوں کے جواب میں کارروائی کی گئی تھی، اگر حملے نہیں ہوں گے تو پھر حکومتی پالیسی بھی مثبت اور پرامن رہے گی۔