نریندر مودی کا وزیراعظم نواز شریف کی والدہ کیلئے شالوں کا تحفہ

Shawls

Shawls

لاہور (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم نواز کی والدہ کیلئے شالوں کا تحفہ بھیجا ہے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف کے مختصر دورہ بھارت کے دوران دونوں وزرائے اعظم کی زیادہ اور طویل ملاقاتیں تو نہ ہوسکیں لیکن دونوں کے درمیان اپنی ماوٴں کے بارے میں گفتگو آجکل خبروں میں ہے اور اب پتہ چلا ہے کہ نریندر مودی نے میاں نواز شریف کی والدہ کے لیے تحائف بھی بھیجے ہیں۔

اس بات کا انکشاف مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا ہے۔ مریم کہتی ہیں کہ ان کی دادی کے لیے شال اور سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کا مرتب کردہ شاعری کا مجموعہ بھجوانے پروہ نریندر مودی کی شکر گزار ہیں۔ مریم نوازنے یہ بھی بتایا کہ دورے سے لوٹنے پر میاں نواز شریف نے خود اپنی والدہ کی خدمت میں نریندر مودی کے بھیجے ہوئے تحائف پیش کیے۔

حلف برداری کی تقریب کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بتایا تھا کہ ان کی اماں مودی اور ان کی والدہ کو اسکرین پر مٹھائی کھاتا دیکھ کر جذباتی ہوگئی تھیں۔