کوالا لمپور (جیوڈیسک) ایشین ہاکی فیڈریشن کے سربراہ اور سلطان آف پیراک اذلان شاہ 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ سلطنت پیراک کے وزیراعلیٰ زمرے قدیر نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ ایشین ہاکی فیڈریشن کے سربراہ راجہ محی الدین اذلان شاہ 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں، اذلان شاہ کو شاہی اعزاز کے ساتھ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالا لپمور کے شاہی میوزیم میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
زمرے قدیر نے کہا کہ راجہ اذلان شاہ کے انتقال پر جمعرات کو ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی جب کہ 4 جون تک یوم سوگ منایا جائے گا اوراس دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سر نگوں رہے گا جب کہ سلطنت پیراک کا پرچم 100 روز تک سر نگوں رہے گا۔
اذلان محی الدین شاہ 1928 میں پیدا ہوئے اور 1989 سے 1994 تک پیراک سلطنت کے نوویں بادشاہ رہے، آپ پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے اور 30 سال تک سلطنت پیراک کی فیڈرل کورٹ کے جج رہے۔ اذلان شاہ 2005 میں ایشین ہاکی فیڈریشن کے صدر بنے اس کے علاوہ آپ انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کی ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر بھی تھے۔