کراچی حصص مارکیٹ میں انڈیکس 29 ہزار 543 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

Karachi Stock Market

Karachi Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) بجٹ میں کارپوریٹ ٹیکس کی شرح 1 فیصد کم ہونے اور بجٹ انویسٹرز فرینڈلی ہونے کی اطلاعات اور غیر ملکیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی۔

جس سے انڈیکس بیک وقت 6 نفسیاتی حدیں پھلانگ کر پہلی بار 29543 پوائنٹس پر پہنچ گیا،66 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1 کھرب 32 ارب 92 کروڑ 93 لاکھ2 ہزار897 روپے کا اضافہ ہو گیا اور مارکیٹ سرمایہ 70 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔

ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں نافا کی جانب سے 2 مزید فنڈز متعارف کرائے جانے کی اطلاعات اورطالبان گروپوں میں دھڑے بندی جیسی اطلاعات کی وجہ سے غیرملکی سرمایہ کار زیادہ متحرک نظر آئے جس سے مارکیٹ کا گراف بلند ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں و مالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 1 کروڑ63 لاکھ2 ہزار760 ڈالر کا انخلا کیا گیا لیکن اس وسیع انخلا کے باوجود تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے 1 کروڑ 62 لاکھ 98 ہزار 221 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے 4 ہزار 539 ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس556.26 پوائنٹس کے اضافے سے 29543.58 ہو گیا۔

جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 440.68 پوائنٹس کے اضافے سے 20227.65 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 789.48 پوائنٹس کے اضافے سے 46724.54 ہو گیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت 59.61فیصد زائد رہا،35 کروڑ 13 لاکھ 38 ہزار 990 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیاں 388 کمپنیوں تک وسیع ہوئیں جن میں 256 کے بھاؤ میں اضافہ، 110 کے دام میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔