مالی بے ضابطگیوں کے الزامات پر ذکا اشرف آگ بگولہ

Zaka Ashraf

Zaka Ashraf

لاہور (جیوڈیسک) مالی بے ضابطگیوں کے الزامات پر ذکا اشرف آگ بگولہ ہو گئے اور انہوں نے پی سی بی نے موجودہ چیف نجم سیٹھی کیخلاف ہتک عزت کے دعوے پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے عبوری حکم پرعہدہ چھوڑنے والے ذکا اشرف اپنی کردار کشی کی مہم پر خاصے برہم اور قانونی چارہ جوئی کیلیے وکلا سے مشاورت کر رہے ہیں، پی سی بی کی عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے گذشتہ اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ انٹرنل آڈٹ رپورٹ میں ذکا اشرف دور کے 22 ماہ میں 2 کروڑ کے بقایا جات کی نشاندہی ہوئی ہے، انھوں نے ٹورز ٹکٹوں کی خرید اور دیگر معاملات میں مبینہ مالی بے ضابطگی کی تھی، اس کی تحقیقات اور ریکوری کا اختیار نجم سیٹھی کو دیدیا گیا، اس سے قبل بھی ملتی جلتی اطلاعات کئی روز سے میڈیا میں گردش کررہی تھیں۔

ذکاء اشرف ان الزامات پر سخت برہم اور اسے کردار کشی کی مہم قرار دیتے ہیں، انھوں نے نجم سیٹھی کیخلاف ہتک عزت کے دعوے پر مبنی الگ درخواست دائر کرنے کیلیے وکلا اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل سمیت قریبی ساتھیوں سے مشاورت کی ہے، ذکا کا کہنا ہے کہ موجودہ چیئرمین پی سی بی اور عبوری مینجمنٹ کمیٹی نے ان کی شہرت داغدار کرنے کی کوشش کی۔ دوسری طرف عامر سہیل نے کہاکہ کوئی بھی معاملہ تھا تو انصاف کے تقاضے تب ہی پورے ہوتے جب ذکا اشرف کو بھی موقف واضح کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا لیکن بورڈ نے ایک انٹرنل آڈٹ کو بنیاد بنا کر ان کی شخصیت پر کیچڑ اچھالا، بہتر ہوتا کہ الزام تراشی سے قبل ایکسٹرنل آڈٹ کے کوائف بھی سامنے لائے جاتے۔