انجمن طلبہ اسلام کے کارکنان پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دینگے۔ حافظ احسان الحق

Anjuman Talba Islam

Anjuman Talba Islam

کراچی : انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر قائد طلبہ حافظ احسان الحق نورانی نے ہنگامی بیان میں کہا ہے کہ اٹک شہر میں انجمن طلبہ اسلام اور جمعیت علماء پاکستان کے ذمہ داران اور کارکنان پر سنی تحریک کا حملہ اور تشدد ایک سنگین عمل ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، انجمن طلبہ اسلام پنجاب حکومت سے درخواست کرتی ہے کہ وہ اپنے دہشت گرد ایم پی اے کو لگام دے، ورنہ انجمن طلبہ اسلام کے کارکنان پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دینگے اور اس ایم پی اے کو عبرت کا نشان بنا دینگے، انجمن طلبہ اسلام کی تاریخ پر امن تحریک سے بھرپور ہے۔

ہماری طلبہ برادری نے کبھی کسی کو گالی تک نہیں دی ہے، مگر ہماری برداشت کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، سابق صدر انجمن طلبہ اسلام برادر شہزاد چشتی اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات ضیاء الرحمن نورانی کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے، چاروں صوبے بشمول کشمیر کے تمام صوبائی ناظمین اور جنرل سیکرٹری کے ساتھ فون پر لائحہ عمل ترتیب دیتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر قائد طلبہ حافظ احسان الحق نورانی نے کہا ہے کہ انجمن طلبہ اسلام ملک بھر میں تین روزہ احتجاج کا اعلان کرتی ہے، جمعتہ المبارک کے دن بعد نماز جمعہ ملک بھر کے پریس کلب پر سنی تحریک کی دہشت گرد کاروائی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، تمام ڈویژنل، ضلعی، اور صوبائی تنظیمیں جمعہ کے دن احتجاج تیاری کریں، مرکزی صدر حافظ احسان الحق نورانی نے صوبہ سندھ کے ناظم محمد زبیر ہزاروی، صوبہ پنجاب کے ناظم محمد عثمان محی الدین، صوبہ بلوچستان کے ناظم محمد یعقوب قادری، صوبہ خیبر پختونخواہ کے ناظم سلمان خان اور کشمیر میں عتیق احمدسے بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کیا،آج بروز جمعرات انجمن طلبہ اسلام کی مرکزی کابینہ کا وفد جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی سے ملاقات کریگا۔