شمالی وزیر ستان (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں سرگرم حافظ گل بہادر گروپ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مسلسل کارروائی کے بعد امن معاہدہ توڑا گیا ہے اور گمان ہے کہ علاقے میں جلد آپریشن شروع کر دیا جائے گا اس لئے اہل علاقہ 10 جون تک محفوظ مقامات پر نقل مکانی کر لیں۔
پاکستانی طالبان گروپ حافظ گل بہادر کی مجلس شوری کے اجلاس کے دوران شمالی وزیرستان کی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ اس موقع پر شوریٰ ارکان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آئے روز کارروائی کے بعد حکومت کی جانب سے امن معاہدہ توڑا گیا ہے جبکہ مسلسل کارروائی کے دوران شہریوں کے جان اور املاک کو نقصان پہنچا جس کے بعد حکومت سے جنگ کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
طالبان شوری کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق حافظ گل بہادر گروپ نے شمالی وزیرستان کے مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اہل و عیال سمیت 10 جون سے قبل علاقہ خالی کردیں اور حکومت کی جانب سے قائم کیمپوں کے بجائے افغانستان جانے کو ترجیح دیں۔ اعلامیہ میں شہریوں کو دھمکی دی گئی ہے کہ 10 جون کے بعد حکومتی زیر کنٹرول علاقوں میں نہ جائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت سزا دی جائے گی۔