نندی پور پاور پراجیکٹ سے 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع

Nandi Pur Power Projec

Nandi Pur Power Projec

نندی پور (جیوڈیسک) نندی پور پاور پراجیکٹ سے آزمائشی طور پر 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے، وزیر اعظم آج اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کے ایم ڈی محمد محمود نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ 7 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے جس کی ڈیڈ لائن رواں برس دسمبر کی تھی۔منصوبہ 2011 کو مکمل ہونا تھا مگر سابق وفاقی حکومت کی منظوری نہ ملنے کے سبب منصوبے پر کام رک گیا۔ تاخیر کے سبب 23ارب روپے کا منصوبہ اب 59ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا، فنانشل لاس 165 ارب روپے کا ہے۔

نندی پور پاور پراجیکٹ کو اس وقت فرنس آئل پر چلایا جا رہا ہے اور فی یونٹ لاگت 23سے24روپے ہے ، اگلے برس جون تک اسے ایل این جی پر منتقل کردیا جائے گا، پھر فی یونٹ لاگت 17روپے ہوگی۔ یہ منصوبہ 30 سال کے لیے کارآمد ہو گا، اسے چلانے کے لیے آوٴٹ سورس کمپنی کے حوالے کیا جائے گا۔

نندی پور پاور پراجیکٹ پر ساڑھے پانچ سو چینی اور پانچ سو پاکستانی دن رات کام کررہے ہیں، منصوبہ دسمبر 2014 تک مکمل ہو جائے گا۔نندی پور پاور پراجیکٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل پر قومی گرڈ میں 425 میگاواٹ بجلی شامل ہونے سے ملک میں جاری لوڈ شیدنگ کے دورانیہ میں سوا گھنٹے تک کمی آئے گی۔