سانحہ شوپیاں کیخلاف ضلع بھر میں ہڑتال، احتجاجی مظاہرے

Srinagar

Srinagar

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں سانحہ شوپیاں کی پانچویں برسی مکمل ہونے پر ہڑتال کی گئی، ہڑتال کی اپیل حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے کی تھی۔ اس موقع پر ضلع شوپیاں میں تمام کاروباری مراکز،دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی،وادی کے دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

اس موقع پر شوپیاں میں کشمیری لڑکیوں آسیہ اور نیلوفر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ سید علی گیلانی سمیت دیگر حریت رہنماؤں نے دونوں لڑکیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہنوں، بیٹیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ہمارے شہدا کا خون رنگ لائے گا اور وہ دن دور نہیں جب ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے اور اپنی آزادی کا حق چھین لیں گے۔یاد رہے کہ 2009 میں بھارتی فوجیوں نے دونوں لڑکیوں آسیہ اور نیلوفر کو اغوا کر کے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور پھر انہیں قتل کر دیا تھا۔