نندی پور منصوبے میں چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

نندی پور (جیوڈیسک) نندی پور پاور پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منصوبے کی مشینری تین سال تک کراچی بندرگاہ پر پڑی رہی اور آج یہ منصوبہ کامیابی سے چل پڑا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نندی پور منصوبے کی داستان پاکستان کی بد ترین داستان ہے۔ اگر یہ پاور پلانٹ تین سال پہلے چل گیا ہوتا تو ملک کو 165 ارب روپے کا نقصان نہ ہوتا۔ ماضی کے حکمرانوں نے لالچ رشوت کے لئے 18 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کر دی لیکن آج نندی پور منصوبہ کامیابی سے چل پڑا ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے کو شروع کرنے میں چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور حکومت نے چینی حکام کو قائل کرنے کیلئے بڑی محنت کی ہے۔ پاکستان اور چینی ماہرین نے دن رات کام کر کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔

پراجیکٹ میں تاخیر کے سبب لاگت 30 ارب روپے بڑھ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندھیروں سے نجات دلانے پورے پاکستان میں منصوبے جاری کئے جائیں گے۔نندی پور منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کرنے پر کیپٹن محمود کو تمغہ امتیاز دینے کی سفارش کی ہے۔