احتجاج کرنے والوں کا مقصد اور ایجنڈا سمجھ نہیں آرہا، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) وزیرِ اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والوں کا مقصد اور ایجنڈا سمجھ میں نہیں آرہا، کوئی کینیڈا سے اعلان کر رہا ہے، لندن میں اجلاس ہو رہے ہیں۔ 65

سال یہی کچھ ہوتا رہا،خدا کے واسطے پاکستان کو چلنے دو۔ گوجرانوالہ میں وزیراعظم نوازشریف نے نندی پورپاورپراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نندی پورکا منصوبہ ہماری توقعات سے پہلے مکمل ہورہا ہے۔

مشینری تین سال تک کراچی بندرگاہ پر سڑتی رہی۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اوران کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ موجودہ حکومت نے چند ماہ میں منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔پورٹ قاسم اور ساہی وال میں اس حکومت نے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھاہے۔

نیلم جہلم پاورپلانٹ کا بھی جلد افتتاح کیا جائے گا۔منصوبوں پرکام کی رفتار پاکستان کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نندی پور منصوبے میں مجرمانہ غیرذمہ داری کا ثبوت دیا گیا۔ اس منصوبے میں تاخیر سے ملک کو اربوں کھربوں روپے کا نقصان پہنچا، اس کا کہیں کوئی شمارنہیں۔

نیلم جہلم منصوبہ کرپشن اور لاپرواہی کی ایک اورمثال ہے۔ نیلم جہلم پر لاگت کا تخمینہ 84 ارب روپے تھا۔ اب نیلم جہلم منصوبہ 275 ارب روپے میں مکمل ہونے جارہا ہے۔ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کررہے ہیں جو انہوں نے الیکشن میں مسلم لیگ ن پرکیا۔ شورمچانے والوں کوپتہ لگنا چاہیے کہ جہاں سے انہیں ووٹ ملا ہے وہاں بھی یہ حکومت ترقیاتی منصوبے پورے کررہی ہے۔