کراچی (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات شرجیل میمن نون لیگ حکومت پر برس پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تعصب کا مظاہر کرتے ہوئے سندھ سے سوتیلی ماں والا سلوک کر رہی ہے، سندھ کا حصہ کاٹا جا رہا ہے۔
تھر کول منصوبہ نظر انداز کر دیا گیا۔ کراچی آپریشن میں وفاقی حکومت نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا اور سندھ حکومت کو ایک پیسہ بھی نہیں دیا۔ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ لائن لاسز لاہور میں ہیں لیکن سندھ پر ناجائز لوڈ شیڈنگ تھوپ دی گئی۔
ن لیگ کی قیادت نے اپنے خلاف احتساب کے مقدمات ختم کرا لیے لیکن یوسف گیلانی، مخدوم امین کے وارنٹ جاری کر دیئے۔ پیپلزپارٹی نون لیگ کی حکومت کے سامنے نہیں جھکے گی، احتجاج کا راستہ نہیں اپنانا چاہتے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ن لیگ ہر جمہوری حکومت کے خلاف سازش کا حصہ رہی ، لاہور کو پاکستان سمجھنے والوں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا، نواز شریف کا پرویز مشرف کے ساتھ این آر او ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی جیسا ٹارگٹڈ آپریشن سندھ کے دیگر شہروں میں بھی کیا جائے گا۔