آبپاشی افسران و عملہ نہروں پر پٹرولنگ کا عمل تیز کرے۔ سیکرٹری آبپاشی

Canals

Canals

لاہور: سیکرٹری آبپاشی پنجاب ومینجنگ ڈائریکٹر پیڈا کیپٹن (ر) سیف انجم نے ہدایت کی ہے کہ فیلڈ افسران وعملہ زیر انتظام نہروں پر پٹرولنگ کے عمل کو تیز کریں تا کہ آئندہ مون سون سیزن کے دوران آبی گزرگاہوں کے پشتے محفوظ رہ سکیںـ انہوںنے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) خالد حسین قریشی ، ایڈیشنل سیکرٹری (آپریشن ) ملک سلیم، چیف (مانیٹرنگ) حبیب اللہ بودلہ، چیف انجینئر (فلڈ)یونس بھٹی، جنرل مینجر(پیڈا)افضل انجم طوراور ڈائریکٹر (ریفارمز )عامر خان کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کیـ اس موقع پر چیف انجینئر فلڈ کی جانب سے سیکرٹری آبپاشی کو آبی گزرگاہوں میں پانی کے بہاؤ اور ضلعی انتظامیہ ودیگر سرکاری اداروں کے ساتھ محکمہ آبپاشی کے باہمی اشتراک کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

ـسیکرٹری آبپاشی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام فیلڈ افسران و عملہ نہروں پر پٹرولنگ کا عمل تیز کریں اور چوبیس گھنٹے نہروں کی نگرانی کی جائے تا کہ کمزورپشتوں کی بروقت مرمت کی جا سکے ـ انہوںنے کہا کہ فیلڈ افسران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر آبی گزرگاہوں سے ناجائز آباد کاروں کی منتقلی کے لئے بھی اقدامات کریں تا کہ کسی ناگہانی صورتحال میں جانی و مالی نقصانات سے محفوظ رہا جا سکے ـ انہوںنے مزید ہدایت کی کہ آبی گزرگاہوں سے غیر قانونی رکاوٹوںو تعمیرات کو بھی ختم کیا جائے کیونکہ ان کی وجہ سے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ آنے سے نہری تنصیبات کو نقصان پہنچنے کے امکانات میں اضافہ ہو جاتا ہے ـ اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی نے کہا کہ پیڈا کے زیر انتظام کسان تنظیموں کو بھی نہروں کی پٹرولنگ کے عمل میں شریک کیا جائے کیونکہ مقامی لوگ یہ ذمہ داری زیادہ بہتر انداز میں ادا کر سکتے ہیں۔