فیصل آباد (جیوڈیسک) المعصوم ٹائون میں قائم ڈائنگ فیکٹری میں لگنے والی آگ سے لاکھوں کا سامان خاکستر جبکہ بوائلر پھٹنے سے چھت زمیں بوس ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق المعصوم ٹائون میں قائم ڈائنگ فیکٹری میں گزشتہ دوپہر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیاجبکہ آگ کی تپش سے بوائلر بھی دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث فیکٹری کی چھت گر گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو 1122 کی 7 گاڑیاں اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف رہیں لیکن گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ ضلعی حکومت کی جانب سے رہائشی علاقوں سے فیکٹریاں باہر نکالنے کے احکامات تو بارہا جاری کئے گئے مگر انتظامیہ ان پر عمل کروانا بھول گئی۔
آئے روز ہونے والے حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضائع اور کروڑوں کا نقصان ہو چکا ہے لیکن افسران کی جانب سے زبانی جمع خرچ کے علاوہ کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔