شام : چیک پوسٹ کے نیچے سرنگ میں دھماکہ , 20 فوجی ہلاک

Syria

Syria

بیروت (جیوڈیسک) شام میں ایک فوجی چیک پوسٹ کے نیچے سرنگ میں دھماکہ، 20 فوجی ہلاک، متعدد زخمی، باغیوں اور فورسز میں شدید جھڑپیں۔ تفصیلات کے مطابق باغیوں نے حلب شہر میں واقع چیک پوسٹ کے نیچے موجود سرنگ میں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا اور اسے دھماکے سے اڑا دیا۔

جس کے نتیجے میں 20 فوجی موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ چیک پوسٹ شہر کے قدیم حصے میں زہروی مارکیٹ کے قریب واقع ہے۔ شامی مبصر گروپ کے مطابق دھماکے کے بعد باغیوں اور فورسز میں شدید جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں جن میں ایک جنگجو بھی مارا گیا ہے۔

فریقین کی جانب سے بھاری اسلحے کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔مبصر گروپ کے مطابق دھماکہ النصرہ فرنٹ کے جنگجوؤں نے کیا۔النصرہ فرنٹ نے دھماکے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہے جس میں ایک زور دار دھماکے کے بعد ہوا میں اڑتے ہوئے ملبے کو دیکھا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ قبل ازیں بھی باغیوں نے ایک فوجی ہوٹل کے نیچے موجود سرنگ میں دھماکہ خیز مواد نصب کرکے اسے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں 50 فوجی موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

دھماکے میں ہوٹل تباہ ہو گیا تھا،یہ ہوٹل ایک تاریخی عمارت میں بنایا گیا تھا۔ دو روز قبل مبصر گروپ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ حلب شہر میں شامی فورسز کی بمباری کے نتیجے میں رواں سال اب تک دو ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، شامی فورسز زیادہ تر رہائشی علاقوں پر بمباری کر رہی ہیں تاکہ جنگجوؤں کو وہاں پناہ لینے سے روکا جا سکے۔ شامی خانہ جنگی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔