سال 14-2013 کا اقتصادی سروے، وزیرخزانہ کل جاری کرینگے

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد(جیوڈیسک) مالی سال 14-2013 کا اقتصادی سروے کل جاری کیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سروے پیش کریں گے۔ سروے کے مطابق معاشی ترقی کی رفتار 4.1 فی صد رہی ہے جو مقرر ہ 4.4 فی صد سے کم لیکن خوش آیند ہے، توانائی کے شعبے میں ترقی 3.7 فی صد ہوئی اور تیل اور گیس کی تلاش میں 11 فی صد اضافہ ہوا۔

اقتصادی سروے کی تفصیلات حاصل کرلیں۔ شعیب نظامی کی رپورٹ کے مطابق قومی اقتصادی سروے کے نمایاں خدوخا ل کے مطابق توانائی کے شعبے میں گزشتہ سال 16 فی صد تنزلی ہوئی تھی تاہم اس سال یہ ترقی 3.7 فی صد رہی۔ پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار 16 فی صد اضافہ ہوا۔ صنعتی شعبے نے 5.8 فیصد کی شرح سے ترقی کی۔

بڑے صنعتی یونٹ میں ترقی 5.31 جبکہ چھوٹے یونٹ میں ترقی 8.35 فی صد رہی۔سیمنٹ میں شرح نمو 5 ، یوریا کھاد کی پیداوار میں 28 فی صد اضافہ ہوا اور فاسفیٹ کھاد کی ترقی 2.8 فی صد رہی۔ زرعی شعبے کی ترقی 3.8 فیصد ہدف کے مقابلے میں 2.1 فیصد رہی تاہم گندم کی پیداوار 2کروڑ 52 لاکھ ٹن اور مکئی کی پیداوار 45 لاکھ ٹن رہی۔ چاول کی پیداوار 67 لاکھ ٹن اور کپاس کی پیداوار ایک کروڑ 27 لاکھ گانٹھ رہی۔

معدنیات میں ترقی کی شرح 4.43 فی صد رہی اور کوئلے کی پیداوار میں 16 فی صد اضافہ ہوا۔ سروے کا تلخ پہلو یہ ہے کہ مہنگائی بے قابو رہی اور اس کی شرح 8.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 8.7 فیصد رہی۔ ٹیکس آمدنی میں 16 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور مواصلات میں شرح نمو 2.98 فی صد رہی جبکہ ہول سیل اور ریٹل میں شرح نمو 5.18 فی صد رہی۔