کراچی سے سیاسی جماعت کے 5 ٹارگٹ کلرز سمیت 72 ملزمان گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے 5 مبینہ ٹارگٹ کلر اور لیاری گینگ وار کے کارندوں سمیت 72 ملزمان کو گرفتار و حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے لانڈھی کے علاقے مظفر آباد کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے 4 مبینہ ٹارگٹ کلرز کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر نے کا دعویٰ کیا ہے، حراست میں لیے گئے ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔

رینجرز نے ایک اور کارروائی کے دوران بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹاؤن سے سیاسی جماعت کے ایک مبینہ ٹارگٹ کلر کو حراست میں لیکر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ، دوسری جانب رینجرز نے لیاقت آباد کھو کھر کچن والی گلی میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار وصی اﷲ لاکھو گروپ کے چار کارندوں عباس علی، اشتیاق عامر، قربان علی اور عبدالعزیز کو حراست میں لیکر اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

صدر پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث3ملزمان ناصر ، شہروز عرف جادو اور نعمان کو شہری سے موبائل فون چھینتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے 3پستول ، چھینے گئے موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان فیروز آباد ، صدر ، پریڈی اور گلشن اقبال کے پولیس کو ہاؤس رابری اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔

ایس ایچ او کورنگی سب انسپکٹر محمد امین مری نے پولیس پارٹی کے ہمراہ دوران گشت چھوٹا منا گینگ کے کارندے شعیب کو گرفتار کر کے ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، ایسٹ زون پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 مشتبہ سمیت 57 ملزمان کو گرفتار کرلیا، شارع فیصل پولیس نے شر انگیر چاکنگ کے الزام میں 2 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔