کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے منگھوپیر سے 7 افراد کی لاشیں ملی ہیں، تمام افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے،جبکہ کورنگی میں فائرنگ سے پولیس افسر جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق منگھوپیر کے علاقے میں اجتماع گاہ گراونڈ کے قریب جھاڑیوں سے الصبح 7 افراد کی لاشیں ملیں ہیں جنھیں اغواء کرنے کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا، مقتولین کی عمریں 20 سال سے 40 سال کے درمیان ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق جائے وقوع سے 9 ایم ایم پستول کے 16 خول بھی ملے ہیں۔واقعہ تھانہ منگھو پیر کی حدود میں پیش آیا ہے۔ مقتول میں سے تین کی شناخت شعیب ،خان سعید اور یوسف کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق سوات سے بتایا جاتا ہے جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
لاشوں کو ضا بطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، پولیس اہل علاقہ اور دیگر ذرائع سے مختلف معلومات حاصل کررہی ہے،لیکن ابھی تک کوئی اہم شواہد نہیں مل سکے ہیں۔دوسری جانب کورنگی میں بلال چورنگی کے قریب فائرنگ سے پولیس افسر جاں بحق ہوگیا۔