احتساب عدالت نے راجا پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست نمٹا دی

 Raja Pervez Ashraf

Raja Pervez Ashraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے راجا پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سامعت کی، فریقین کی جانب سے موقف سننے کے بعد عدالت نے قرار دیا کہ احتساب عدالت کے پاس نام ای سی ایل سے نکالنے کا اختیار نہیں ہے اس سلسلے میں درخواست گزار ہائی کورٹ سے رجوع کرے۔

فیصلے کے بعد راجا پروییز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائک کا کہنا تھا کہ ان کے موکل عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں لیکن ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں درج ہے جس کے باعث ان کی نقل وحرکت محدود ہے۔

ای سی ایل سے نام خارج کرانے کے لئے انہوں نے نیب سے رابطہ کیا تھا، جس پر قومی احتساب بیورو نے انہیں احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا تھا تاہم عدالتی فیصلے کے بعد وہ جلد ہی اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔