اسلام آباد (جیوڈیسک) بیرون ملک سفر کرنے والے تمام پاکستانیوں کے لئے پولیو سرٹیفکیٹ کی شرط پر عملدرآمد شروع ہو گیا۔ وزارت ہیلتھ سروسز نے صوبوں کو 10 لاکھ ہیلتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیئے ہیں۔ پاکستان سے روزانہ تقریباً 27 ہزار افراد بیرون ملک جاتے ہیں، اب ایسے مسافروں کو ہیلتھ سرٹیفکیٹ لینا ضروری ہے جو ثابت کریگا انہوں نے پولیو ویکسین پی رکھی ہے۔
وزارت ہیلتھ ریگولیشن کے مطابق پولیو ڈراپس حاملہ خواتین سمیت ہر عمر کے افراد کو پینا لازم ہوں گے۔ وزارت صحت کے مطابق ویکسی نیشن حاملہ خواتین کیلئے مضر صحت نہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان میں ایک ماہ سے زیادہ قیام کرنیوالے غیر ملکی شہریوں پر بھی اسکا اطلاق ہو گا۔ وفاق اور صوبوں کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں پولیو کاو¿نٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پاسپورٹ دکھا کر پولیو ویکسین پینا ہو گی اور وہیں سے ہیلتھ سرٹیفکیٹ بھی ملے گا۔
ایمرجنسی میں بیرون ملک سفر کرنے و الے افراد تمام ائرپورٹس پر پولیو کاو¿نٹرز سے ویکسین اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ وزارت ہیلتھ سروسز کے مطابق گریڈ 19 اور اس سے اوپر کے تمام میڈیکل افسران بشمول ایم ایس، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر اور ای ڈی او ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے مجاز ہوں گے۔