انسداد دہشتگردی بل سے قانون نافذ کرنیوالوں کو ریٹ بڑھانے کا موقع ملے گا، طاہر مشہدی

 Tahir Mashhadi

Tahir Mashhadi

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایم کیوایم کے رہنما سینیٹر طاہر مشہدی نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بل کے تحت پولیس والوں کو گولی مارنے کی اجازت دی جارہی ہے جبکہ ایسے اختیارات سے قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو ریٹ بڑھانے کا بھی موقع ملے گا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیرمین طلحہٰ محمود کی صدارت میں ہوا جس میں وفاقی وزیر زاہد حامد نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل پر کمیٹی کوبریفنگ دی۔

وفاقی وزیر زاہد حامد نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کے تحت گرفتار ملزمان کا ٹرائل جیل میں ہوگا،جیلوں میں موبائل فون پر پابندی ہوگی جبکہ بل کے تحت ججز اور گواہوں کو تحفظ دیا جائے گا۔

بل کے مطابق قانون نافذ کرنےوالے اہلکار آخری آپشن کے طورپر فائرنگ کریں گے اور فائرنگ سے قبل وارننگ دی جائے گی جبکہ فائرنگ کے اختیارات صرف افسران کو ہی حاصل ہوں گے۔

اس موقع پراجلاس میں شریک ایم کیوایم کے رہنما سینیٹر طاہر مشہدی نے بل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بل کے تحت پولیس والوں کو گولی مارنے کی اجازت دی جارہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے اختیارات کے ذریعے ریٹ بڑھانے کا موقع بھی دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں روزانہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے جبکہ جرائم پیشہ افراد پولیس کو حصہ دیتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی کرپشن میں مبتلا ہیں۔