کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، پولیس افسر سمیت 3 افراد قتل

Firing

Firing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کر کے پولیس افسر سمیت 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ جبکہ لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس مقابلہ کے دوران ایک گینگسٹر کو ہلاک کرنے کادعویٰ کیا گیا ہے۔

غریب آباد میں ہوٹل کے قریب فائرنگ کر کے ساجد نقوی اور لیاقت آباد میں فائرنگ کر کے امتیاز حسین کو قتل دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔ اس سے قبل منگھوپیر میں اجتماع گاہ کے قریب سے 7افراد کی لاشیں ملی جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔

مقتولین کی عمریں 20 سال سے 40 سال کے درمیان ہیں۔پولیس کے مطابق واردات کی جگہ سے 9 ایم ایم پستول کے 16 خول ملے ہیں۔واقعہ تھانہ منگھو پیر کی حدود میں پیش آیا جہاں اس سے چند روز قبل بھی 3 افراد کی لاشیں ملی تھیں۔ پولیس حکام کے مطابق 7 میں سے 5 لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولین میں شعیب ،خان سعید اور یوسف سوات کے رہائشی ہیں اور ان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، جبکہ ارشاد کشمیری اور ناصر کشمیری کا تعلق لیاری سے ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ کا کہنا ہے۔

کہ مقتولین کا کرمنل ریکارڈ موجود ہے اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں۔ دوسری جانب کورنگی بلال چورنگی کے قریب فائرنگ سے پولیس افسرمحمد سلیم کو قتل کردیا گیا۔ فائرنگ کا ایک اور واقعہ سوک سینٹر کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔