امریکہ (جیوڈیسک) امریکی شہر سان فرانسسکو میں اپنے گھروں اور فلیٹوں سے باہر نکلنے کے بعد لوگوں کی نظریں جھکی ہوئی ہوتی ہیں۔
جی نہیں! وجہ یہ نہیں ہے کہ انھیں نگاہیں اٹھا کر ادھر ادھر دیکھنے سے شرم آنے لگی ہے بلکہ وہ زمین پر پڑے ہوئے کسی لفافے کے متلاشی ہوتے ہیں۔ قصہ کچھ یوں ہے کہ سان فرانسسکو میں دور جدید کے ’ رابن ہُڈ ‘ نے جنم لیا ہے ، جو شہر کے باشندوں میں دولت تقسیم کررہا ہے۔
مگر اس کا اسٹائل مشہور زمانہ برطانوی کردار سے ذرا مختلف ہے۔ وہ لفافے میں ڈالر رکھ کر شہر کے کسی بھی گوشے میں لفافہ چھپا دیتا ہے۔ لفافے میں کم از کم پچاس اور زیادہ سے زیادہ دو سو ڈالر ہوتے ہیں۔
دور جدید کا ’ رابن ہُڈ ‘ انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے استعمال سے واقف ہے اور سوشل نیٹ ورک پر بھی فعال ہے۔ ٹویٹر پر اس کا اکاؤنٹ بھی موجود ہے۔ اس نے شہر میں رقم سے بھرے لفافے پھینکنے کا اعلان بھی ٹویٹر ہی پر کیا تھا جس کے بعد ایک ہی ہفتے میں اس کے فالوورز کی تعداد چند سو سے بڑھ کر ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔