اسلام آباد (جیوڈیسک) اپنے گھر کا بجٹ تیار کرنا ہے تو آج کا وفاقی بجٹ ضرور دیکھیں۔ آج پتہ چل جائے گا کہ کیا کچھ سستا ہو گا، کیا کچھ مہنگا۔ وزیرِ خزانہ عوام کو بجلی دینے کی خوشخبری سنائیں گے یا کسی پر بجلی گرائیں گے۔
نواز شریف کی تیسری حکومت کا دوسرا بجٹ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پیش کریں گے۔ بجٹ کی پٹاری سے عوام سے کیا نکلے گا روٹی یاسانپ ،بجٹ کیا چال چلے گا۔ آنے والے سال میں عوام اپنے لیے کیا خواب دیکھ رہے ہیں اور حکومت ان کے لیے کیا سوچ رہی ہے۔
کس کی امیدوں پرپانی پڑے گا ، کس کو آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا ، سب سامنے آجائے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج شام قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ دو ہزار چودہ دو ہزار پندرہ پیش کریں گے۔
لیکن مختلف کاموں سے وابستہ عوام پہلے ہی بجٹ پر اپنی رائے دے چکے ہیں۔ حکومت کا تیار کردہ بجٹ مختلف ذرائع سے سامنے آچکا ہے ، لیکن بجٹ تقریر پر اپوزیشن کی حکمت عملی کیا ہوگی ، یہ ابھی سامنے نہیں آیا۔ البتہ یہ بات طے ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے ساتھ ٹیکس کا دائرہ بھی ضرور بڑھائے گی۔