پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ سعیدہ امتیاز ہالی ووڈ فلم میں کام کریں گی

Saeeda Imtiaz

Saeeda Imtiaz

لاہور (جیوڈیسک) سابق کرکٹر عمران خان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’’ کپتان ‘‘ میں جمائمہ کا کردار نبھانے والی پاکستانی نژاد امریکن اداکارہ و ماڈل سعیدہ امتیاز کو ہالی ووڈ کے معروف فلمساز ادارے نے اہم کردار میں سائن کر لیا۔

’’امیج میکرز‘‘نامی ادارے نے فلم کی عکسبندی کے لیے کاسٹ فائنل کرنے کے ساتھ امریکا، برطانیہ اور پاکستان میں لوکیشنز کا انتخاب کر لیا ہے اور دیگر کاغذی کارروائی کے بعد نومبر میں باقاعدہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز کر دیا جائے گا۔ فلم میں سعیدہ امتیاز کے مدمقابل ہالی ووڈ اسٹارز ہونگے جب کہ پاکستان میں کی جانیوالی شوٹنگ کے لیے کچھ پاکستانی فنکاروں کا مزید انتخاب کیاجائے گا۔

جب اس سلسلہ میں سعیدہ امتیاز سے رابطہ کیا گیا توانھوں نے بتایا کہ اگر محنت اورلگن کا جذبہ ہو تو منزل مل ہی جاتی ہے، میں نے پاکستان میں عمران خان جیسی لیجنڈ شخصیت کی زندگی پر بننے والی فلم میں ان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ کا کردار نبھایا اور اس کے بعد میرے لیے بالی ووڈ کے دروازے بھی کھل گئے جب کہ اب مجھے ہالی وڈ کے ایک معروف فلمساز ادارے نے اپنی فلم میں اہم کردار کے لیے سائن کر لیا ہے۔

یہی نہیں پاکستان میں بننے والی فلم ’’معصوم‘‘ بھی مرکزی کردار ادا کررہی ہوں۔ اس طرح سے اپنے کیرئیر کے مختصر عرصہ کے دوران مجھے اب تک بہترین کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ یہ سب میری محنت ، لگن اور نیک نیتی کی بدولت ممکن ہو سکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کیرئیر کی پہلی فلم ’’کپتان‘‘ تھی جونا معلوم وجوہات کی بناء پر تاحال ریلیز نہیں ہو سکی لیکن اس دوران مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی جس کومیں نے قبول کر لیا۔

بالی ووڈ میں کام کرنے کے لیے میں نے باقاعدہ ڈانس کی تربیت بھی حاصل کی۔ مغربی رقص کے مختلف انداز تو مجھے آتے ہی تھے لیکن میں نے اس کے ساتھ بالی ووڈ ڈانس بھی سیکھا۔ ایک سوال کے جواب میں سعیدہ امتیاز نے کہا کہ ہالی ووڈ دنیا کی سب سے بڑی اورجدید فلم انڈسٹری ہے۔

وہاں کام کرناکسی اعزازسے کم نہیں ہے۔ دنیا بھرسے منجھے ہوئے فنکار وہاں کام کرتے ہیں۔ ایسے پروفیشنل لوگوں کے ساتھ کام کرنے کے دوران مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ جہاں تک بات انگریزی تلفظ کی ہے تواس میں مجھے کوئی دشواری نہیں ہو گی۔

میری تعلیم اور تربیت امریکا میں ہوئی ہے اور میں وہاں کے ماحول سے خوب واقف ہوں۔ اس لیے مجھے امید ہے کہ ہالی ووڈ کا یہ پراجیکٹ میری زندگی کوایک نئے موڑکی جانب لے کرجائے گا۔