لاہور : پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے عین مطابق ہم پنجاب میں تعلیم عام کر کے معاشرے سے جہالت اور غربت کے اندھیروں کو دور کریں گے۔ نوجوان فنی و ہنری تعلیم کے ذریعے نہ صرف باعزت روزگار حاصل کرسکتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کرسکتے ہیں۔میڈیاورلڈلائن کے طابق انہوں نے ان خیالات کا اظہارپنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تحت صوبے میں کل5جون سے شروع ہونے والے ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرزDAEاور D.Comکے سالانہ امتحانات کے سلسلے میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ صوبہ بھر سے کل186479طلباء کے لیے 348امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ بوٹی مافیا کوکچلنے اور امتحانی نظام کو ہر قسم کی کرپشن سے پاک اور شفاف رکھنے کے لیے پنجاب بورڈٹیکنیکل ایجوکیشن کے ممبران، پارلیمانی سیکرٹریز، وزرائ، گورنمنٹ اداروں کے پرنسپل اور سینئر اساتذہ پر مشتمل موبائل ٹیموں کے ذریعے ان امتحانی مراکز کی کڑی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ان امتحانات کی سخت چیکنگ اور کسی بھی ہنگامی صورت حال نمٹنے کے لیے پنجاب بورڈ آ ف ٹیکنیکل ایجوکیشن لاہور میں قائم کردہ مرکزی کنٹرول روم اور اضلاع کے اندر ڈسٹرکٹ مینیجرز کو اس سلسلے میں خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔