پارلیمنٹ لاجز کو غیر اخلاقی حرکتوں کی آماجگاہ کہنے پرجمشید دستی کیخلاف تحریک استحقاق جمع

Jamshed Dasti

Jamshed Dasti

اسلام آباد (جیوڈیسک) 200 سے زائد ارکان قومی اسمبلی نے منتخب ارکان پر غیر اخلاقی حرکات میں ملوث ہونے کا الزام لگانے والے جمشید دستی کے خلاف تحریک التوا جمع کرادی ہے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جمشید دستی نے پارلیمانی لاجز میں غیر اخلاقی حرکات کے بے بنیاد الزام لگا کر پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح کیا ہے۔

اس معاملے کی جانچ پڑتال کے لئے پارلیمانی کمیٹی میں تمام معاملات کا جائزہ لیا گیا مگر جمشید دستی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انہوں نے صرف سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے معزز ارکان پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی، ارکان نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ یہ معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا جائے تاکہ جمشید دستی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ جمشید دستی نے الزام عائد کیا تھا کہ پارلیمنٹ لاجز غیر اخلاقی حرکتوں کی آماج گاہ ہے جہاں رقص و سرور کی محفلوں کے ساتھ شراب بھی پی جاتی ہے۔ جس کے بعد اسپیکر نے الزامات کی تحقیقات کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی۔