کراچی (جیوڈیسک) کیبل پر جیو کی نشریات بحال کرنے کے لیے سپریم کورٹ کا حکم آئے 10 دن ہوگئے، لیکن کیبل آپریٹرز اور پیمرا اس فیصلے کو خاطر میں لانے پر تیار نہیں، جبکہ کیبل آپریٹرزکی طرف سے ازخود جیو کو بند کیے سوا ماہ سے زائد وقت گزر چکا ہے۔
جس سے جیو نیٹ ورک کو اب تک اربوں روپے کانقصان ہو چکا ہے ،ملک بھر کے نوے فیصد علاقوں میں کیبل پر ناظرین جیو دیکھنے سے محروم ہیں اور یہ سب کیبل آپریٹرز کا کیا دھرا ہے، جن کے اس اقدام کو سپریم کورٹ غیر قانونی قرار دے چکی ہے اور عدالتی حکم کے باوجود پیمرابھی کیبل آپریٹرز سے جیو کی نشریات بحال کروانے میں دلچسپی نہیں لے رہا۔
کیبل آپریٹرز نے 24 اپریل سے جیو کی نشریات بند کر رکھی ہیں، جبکہ سپریم کورٹ نے 26 مئی کو حکم دیا کہ کیبل آپریٹرز کا یہ اقدام غیر قانونی ہے، اس فیصلے کو بھی کیبل آپریٹرز خاطر میں نہیں لارہے۔
اب سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرانے کے لیے جیو نے لاہورہائی کورٹ سے بھی رجوع کرلیا ہے اور یہ معاملہ زیرسماعت ہے۔ کیبل پر جیو کی بندش میں یہ بات محسوس کی جاسکتی ہے کہ کیبل کو جیو مخالف اقدامات میں نادیدہ قوتوں کی سرپرستی حاصل ہے اور ان کے اس اقدامت سے سوا ماہ کی بندش میں جیو نیٹ ورک کو اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے، یہی نہیں بلکہ جیو نیو ز کے ناظرین خبر کی حقیقت تک پہنچنے سے محروم ہیں اوریہ صرف جیو کا نہیں، عوام کا بھی بڑا نقصان ہے۔