ٹیکساس جنرل اسپتال کا پاکستانی سمیت 5 طلباء کو اسکالر شپ دینے کا اعلان

Scholarship

Scholarship

ڈیلس (جیوڈیسک) ٹیکساس کے شہر گرانڈ پر ی میں واقع ٹیکساس جنرل اسپتال کی جانب سے میڈیکل کے شعبہ میں تعلیم حاصل کرنے والے ہونہار طالب علموں کے لئے اس سال 2014ء میں پانچ طلبہ و طالبات کو اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا گیا۔

اس ضمن میں ٹیکساس جنرل اسپتال میں آرلنگٹن سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹی آف ٹیکساس آرلنگٹن کے طالب علم راجہ راحیل اختر خانزادہ کو ان کے تعلیمی کیریئر میں بہترین پرفارمنس اور ساتھ ساتھ کمیونٹی کیلئے کی جانے والی خدمات کے اعتراف میں اسپتال کی جانب سے 5 ہزار ڈالر زاسکالر شپ دینے کے سلسلے میں ایک تقریب اسپتال میں منعقد کی گئی۔

جس میں اسپتال کے مالکان ڈاکٹر حسن ہاشمی‘ سی ای او سلمان ہاشمی اور اسپتال کے بورڈ کے اراکین چیف آپریٹنگ آفیسر سید عثمان‘ نائب صدر فراز ہاشمی‘ چیف فنانشل آفیسر جولی اسٹیل‘ چیئرمین بورڈ آف آف ڈائریکٹر سلیمان ہاشمی‘ چیف نرسنگ آفیسر برانڈی کیوفی اور ایڈمنسٹریشن برنی کینڈی نے شرکت کی اور اسپتال کے مالک ڈاکٹر حسن ہاشمی نے طالب علم راجہ راحیل کو 5 ہزار ڈالر کا اسکالر شپ چیک دیا۔۔

ڈاکٹر حسن ہاشمی نے اس موقع پر کہاکہ اسپتال کی جانب سے تعلیمی کیریئر میں اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل طالب علموں کی حوصلہ افزائی کرنے اور میڈیکل کی تعلیم میں دلچسپی لینے والے طالب علموں کیلئے اس اسکالر شپ کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ اسپتال کی جانب سے کمیونٹی کے بچوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے انہوں نے کہاکہ ہونہار طالب علموں کیلئے اسپتال ہر طرح مدد و تعاون کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ گرانڈ پیری اور گرد و نواح کی کمیونٹی میں موجود طالب علم اس علاقہ اور ملک کے مستقبل کے معمار ہیں جن کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسپتال کی جانب سے کمیونٹی کیلئے دیگر خدمات کا سلسلے میں بھی کئی مزید پروگرام ترتیب دئیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر اسکالر شپ حاصل کرنے والے طالب علم راجہ راحیل نے کہاکہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں اور اس اسکالر شپ ایوارڈ کی رقم کو وہ UTA میں اپنی فیس دینے کیلئے استعمال کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر اسپتال کے رہنماؤں سے اظہار تشکر کیا۔