جو کام نہیں کر رہے وہ ٹانگیں نہ کھینچیں: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) یوتھ قرضہ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا قرضہ اسیکم کو پہلے شروع کرنا چاہتے تھے اور نوے کی دہائی میں میرے ذہن میں نوجوانوں کی یہ اسکیم آئی تھی ، قرضہ اسکیم نوجوانوں کے لئے امید کی کرن ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا یوتھ قرضہ اسکیم نیشنل بنک کے زریعے شروع کی گئی، نیشنل بینک کی دولت پر غریب پاکستانیوں کا پورا پورا حق ہے۔ بنک بڑے لوگوں کو قرض دیتے ہیں، افسوس غریب کو نہیں دیتے کیونکہ ماضی میں غریبوں کو قرض لینے تک رسائی نہیں تھی لیکن ہم نے الیکشن کے بعد سب سے پہلے قرضہ اسکیم شروع کی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا مڈل کلاس نے دنیا کے ہر ممالک میں اپنی صلاحتیوں کو منوایا ہے۔ جرمنی میں 80 فیصد وہ لوگ تھے جن کے پاس وسائل ہی نہیں تھے جب ان کو وسائل ملے تو انہوں نے تقدیر بدل دی، ہمارے ملک میں بھی نوجوان ملک میں انقلاب لائیں گے۔

انہوں نے کہا اچھا بجٹ پیش کرنے پر اسحاق ڈار مبارکباد کے حق دار ہیں ، بجٹ کے بعد مہنگائی نہیں ہو گی ،آسانیاں پیدا ہوں گی۔ بعض شعبوں میں ٹارگٹ پورے نہیں ہوئے، ٹارگٹ 20 فیصد تھا لیکن 4۔16 فیصد پورے کیے۔ وزیراعظم نے کہا گلاس 90 فیصد بھر گیا ہے یہ کہنا غلط ہو گا کہ 10 فیصد ابھی خالی ہے۔ گزشتہ بجٹ کے اہداف کافی حد تک حاصل کر لیے۔

انہوں نے کہا ملک سے مہنگائی کا خاتمہ کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا نوجوان ہماری قوت اور طاقت ہے، خواتین بھی ملکی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ وزیراعظم نواز نے کہا معاشی استحکام سے مایوسی کا خاتمہ ہوگا ،مایوسی کا دور ختم اور امید کی شمع روشن ہو گی ، ہماری حکومت پر کرپشن کا ایک چھوٹا سا بھی دھبہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا یوتھ قرضہ اسکیم میں کوئی گھپلا اور سفارش نہیں ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا وزیراعظم یوتھ اسکلز ٹیکنکل پروگرام اسکیم کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے، یوتھ اسکلز ٹیکنکل پروگرام میں پانچ ہزار ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا نندی پورکی مشینری تین سال تک کراچی پورٹ میں سڑتی رہی لیکن ہماری حکومت نے نندی پورمنصوبہ 8 مہینے میں پایا تکمیل تک پہنچایا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا جن لوگوں کو بھی مینڈیٹ ملا بسم اللہ کہا ، اگر کسی سے کام نہیں ہو رہا ہم انہیں کچھ نہیں کہہ رہے ، ہمیں کام کرنے دیں جو کام نہیں کر رہے وہ ٹانگیں نہ کھینچیں، اگر ان کو ایک صوبے میں کام مشکل نظر آتا ہے تو پورے ملک میں کیسے کرینگے ؟۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا قوم دیکھ رہی ہے جن کو ووٹ نہیں ملا وہ ہمت ، صبر کیساتھ انتظار کریں۔ انہوں نے کہا آیئے میرے ساتھ قوم کی حالت سنواریں، قوم میرے ساتھ ہیں، ملکر تعمیر نو کرینگے۔